قوم کا امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: آرمی چیف کی سیاستدانوں سے گفتگو

0 8

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم برائی کی قوتوں کے خلاف متحد ہیں، دشمن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، یہ جنگ جاری ہے اور اسے منطقی نتیجے تک پہنچائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یہ بات پشاور کے دورے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے خیبرپختونخوا کے رہنماوں سے ملاقاتوں میں کہی، وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور بھی شریک ہوئے۔

شرکا نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے ایک سیاسی آواز اور عوامی حمایت کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

قوم کا امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: آرمی چیف کی سیاستدانوں سے گفتگو

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم کا امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن اور پوری قوت سے جواب دیا جائے گا، دشمن بھاری نقصان اٹھاتے رہیں گے اور نقصان پہنچانے کی ان کی صلاحیت ختم ہو جائے گی، دشمن اختلاف اور خوف کے بیج بونے کی کوشش کر سکتا ہے لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل عزم اور بے مثال قربانیوں کو سراہا اور کہاکہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، افواج نے ان تھک محنت سے دہشت گردوں کے اہم سرغنوں کا تعاقب کر کے انہیں ختم کیا ہے۔

قوم کا امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: آرمی چیف کی سیاستدانوں سے گفتگو

ان کا کہنا تھاکہ سکیورٹی فورسز کی شاندار کامیابیوں پر فخر ہے، ہم نے اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر دہشت گرد تنظیموں کی آپریشنل صلاحیتوں کو کامیابی سے کم کر دیا ہے، افواج پاکستان نے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے اور ان کے سیلوں کا خاتمہ کیا، اس سے یہ واضح پیغام گیا ہے کہ دہشت گردی کی ہماری سرزمین پر کوئی جگہ نہیں اور فورسز کا ہر آپریشن سکیورٹی فورسز کی جرات، پیشہ وارانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی طرف سے لاحق خطرات ناکام بنانے میں مصروف ہیں۔

آرمی چیف نے فوجی جوانوں کے غیرمعمولی حوصلے کی تعریف کی اورکہاکہ یہ جوان قوم کی خود مختاری کے تحفظ کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں، یہ مادر وطن اور اس کے لوگوں کے تحفظ کیلئے اپنے مشن میں پرعزم ہیں۔

قوم کا امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: آرمی چیف کی سیاستدانوں سے گفتگو

آئی ایس پی آر کے مطابق سیاسی نمائندوں نے دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کیا اور دہشت گرد گروپوں کے خلاف سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کرایک متحد محاذ کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

اس سقے قبل پشاور آمد پر آرمی چیف کا کور کمانڈر پشاور نے استقبال کیا، آرمی چیف کو موجودہ سکیورٹی صورتحال اور فتنہ خوارج کے خلاف جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور بھی اس بریفنگ میں شریک تھے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.