کرم کی مرکزی شاہراہ ٹل پارا چنار روڈ محفوظ بنانےکے لیے اہلکاروں کی بھرتی کا عمل شروع کردیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ٹل پارا چنار روڈ محفوظ بنانےکے لیے پولیس اہلکاروں کی بھرتیوں کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اسپیشل پروٹیکشن فورس کی بھرتی کا عمل رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرلیا جائےگا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ صوبائی کابینہ نے بھرتیوں اور محکمہ خزانہ نے فنڈز کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت 399 اہلکاروں کو ڈیڑھ سال کےکنٹریکٹ پر بھرتی کیا جائےگا جب کہ بھرتیاں ریجنل پولیس افسر کوہاٹ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی عمر کی حد 45 سال تک مقرر کی گئی ہے، فورس میں 350 سپاہی اور 49 حوالدار بھرتی کیے جائیں گے، بھرتیاں سکیورٹی فورسز اور ایف سی کے سابق اہلکاروں سےکی جائیں گی، اسپیشل پروٹیکشن فورس کو جدید اسلحہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کرم میں کشیدگی کے باعث ٹل پاراچنار شاہراہ 3 ماہ تک بند رہی اور 3 ماہ بعد پہلا امدادی قافلہ چند دن قبل سخت سکیورٹی میں کرم کے متاثرہ علاقوں میں پہنچا تھا۔