وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میں مذاکرات کے حق میں ہوں لیکن مجھے پی ٹی آئی والوں کی نیک نیتی پر شک ہے۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہناتھاکہ کل 190 ملین پاؤنڈ کی سماعت ہے، ماضی میں حکمرانوں پر الزامات لگتے رہے ہیں لیکن عمران خان کے دور حکومت میں جو ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کرائم ایجنسی نے پاکستان کو رقم بھجوائی لیکن اس شخص نے بند لفافے میں کام کردیا، اس کے عوض رقبہ لیا گیا اور القادر ٹرسٹ بنا دیا گیا، وہ یونیورسٹی ہے یا نہیں، میں میڈیا کو کہوں گا خود اس کی انویسٹی گیشن کریں، ان سارے حقائق پر کل عدالت نے اس پر فیصلہ دینا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ کل کوئی فیصلہ سنایا جائیگا اور کل انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
ان کہنا ہے کہ برطانیہ سے آئی رقم سرکاری خزانے کے بجائے سابق وزیراعظم نے پراپرٹی ٹائیکون کے جرمانے میں ایڈجسٹ کرائی، بدلے میں ساڑھے چار سو ایکڑ زمین لی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ امریکا میں انہوں نے نئے ڈرامے شروع کیے ہوئے ہیں، حکومتی کی سطح پر کہیں نہیں رابطہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیا جائے، یہ وہی ملک ہے جس سے متعلق انہوں نے کہا تھا کہ غلامی نامنظور، اب ان کے سامنےلیٹ گئے، علیمہ خان کی گفتگو سنی، ان کی لیڈرشپ کہتی ہے کہ یہ اندر رہے، اربوں روپے وکلا کو ادا کیے جا چکے ہیں۔
ان کا کہناتھاکہ بیگمم بہنیں،لیڈران چاہتے ہیں کہ اس پارٹی کو سیاسی طور پر کیش کریں، بڑا ثبوت یہ ہے کہ بانی سنگجانی رضامند تھے لیکن بشریٰ بی بی نے ڈی چوک کا کہا اور یہ لوگ وہاں سے بھاگے کیسے سب کو علم ہے، انہوں نے جتنی بھی گفتگو کی 35 پنکچر سے لےکر اب تک اسکا کوئی ثبوت نہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی مذاکرات کرے تو سہی، رکاوٹ ان کی طرف سے ہے، الزام مجھ پر لگاتے ہیں، میں حلفیہ کہہ سکتا ہوں کہ مذاکرات کے حق میں ہوں لیکن مجھے پی ٹی آئی والوں کی نیت نیتی پر شک ہے۔
خیال رہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکراتی عمل جاری ہے تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے خواجہ آصف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر مذاکرات کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔