بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹس کے حوالے سے بتا دیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس جب ہائی کورٹ میں جائے گا تو دنیا کو پتا چلے گا کہ یہ کتنا بڑا مذاق ہے ۔ بانی پی ٹی آئی باقی کیسز میں جیل کے اندر نہیں رہ سکے تو اس میں کیسے جیل میں رہیں گے ؟
انہوں نے کہا کہ بانی بی ٹی آئی کہتے کہتے تھک گئے کہ میں عدالت کے ذریعے اپنے کیسز کا سامنا کر کے باہر نکلوں گا ۔ قوم نے بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دیا اور انہوں نے ڈیڑھ سال جیل میں بیٹھ کر ان مقدمات کا سامنا کیا۔ عمران خان ڈیل کے تحت نہیں، سرخرو ہو کر جیل سے نکلیں گے ۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کیا پتا ان کو لکھائی میں مشکل پڑ رہی ہو کہ انہوں نے 190 ملین پاؤنڈز کے فیصلے میں کیا لکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 250 بچوں کو مفت تعلیم دینا بانی پی ٹی آئی کا جرم ہے ۔ آج ہمیں اندر نہیں جانے دیا گیا، ہم احتجاجاً پیدل اندر گئے۔
عمران خان کی بہن نے مزید کہا کہ رانا ثنا اللہ کو بتائیں کہ پی ٹی آئی سونا نہیں ہیرا ہے ۔ رانا ثنا اللہ کہہ رہے ہیں کہ علیمہ خان پی ٹی آئی پر قبضہ کرنے لگی ہے۔ یہ اور اسٹیبلشمنٹ تو ماشا اللہ ایک پیج پر ہیں۔ پی ٹی آئی 8 فروری سے کسی کے قبضے میں نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی جیل سے اُسے چلا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم جلد ہی بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالیں گے۔ رانا ثنا اللہ کو کیوں فکر ہو رہی ہے ۔
علیمہ خان نے کہا کہ سلمان اکرم راجا کو عمران خان نے نامزد کیا ہے اور اپنے لوگ اس کے پیچھے لگ گئے ہیں ۔ سلمان اکرم راجا وہی کرے گا جو عمران خان کہے گا ۔ عمران خان بتا کر بھیجتے ہیں کہ میرے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کیا کرنا ہے ۔
حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ مذاکرات اگر انہوں نے کرنے ہوتے ہیں تو یہ خود ہی صبح 7 بجے جیل کھول دیں گے ، اگر انہوں نے مذاکرات کرنے ہوئے تو آپ دیکھ لینا فجر کے وقت جیل کا دروازہ کھل جائے گا۔