نجی حج منظم اور ذیلی کمپنیوں کوحج بکنگ کی اجازت دے دی گئی

0 3

وزارتِ مذہبی امور نے نجی حج منظم کمپنیوں اور ذیلی کمپنیوں کوبکنگ کی اجازت دے دی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق نجی حج اسکیم کی بکنگ 10 سے 31 جنوری تک جاری رہے گی اور پرائیویٹ حج اسکیم کے مختلف حج پیکج وزارت کی ویب سائٹ پرموجود ہیں۔

ترجمان نے بتایاکہ نجی اسکیم کا بنیادی حج پیکج پونے 11 لاکھ سے ساڑھے 21 لاکھ کے درمیان ہیں لہٰذا حج منظم کمپنیاں سہولت کی فراہمی کے معاہدے کے مطابق پرائیویٹ عازمینِ حج کی بکنگ کریں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اضافی سہولیات کے باعث 30 لاکھ سے زائد کا حج پیکج "حج پالیسی فامولیشن کمیٹی” سے منظور کروانا ہوگا اور نجی کمپنیوں کو 30 لاکھ سے زائد حج پیکج کی منظوری کے وقت مکمل تفصیل فراہم کرنا لازم ہوگا۔

ترجمان کے مطابق 30 لاکھ سے زائد حج پیکج دینے اور لینے والوں کے کوائف ایف بی آر اور متعلقہ اداروں سے شیئر کیے جائیں گے۔

ترجمان نے عازمین سے کہا ہے کہ نجی عازمینِ حج بکنگ کرواتے وقت وزارت کی ویب سائٹ اورموبائل ایپ "پاک حج” سے لازمی تصدیق کریں، پیسوں کا لین دین صرف کمپنی کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کریں اورسہولیات کا معاہدہ لازمی طلب کریں۔

ترجمان کاکہناتھاکہ نجی عازمینِ حج بکنگ کرواتے وقت حج پیکج کی سہولیات کو اچھی طرح سمجھ لیں۔

دوسری جانب وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت 81 ہزار 500 حج درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.