انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیسز میں پی ٹی آئی کے 177 کارکنان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔
اے ٹی سی نے پی ٹی آئی کے 153 کارکنان کی ضمانتیں منظور کرلیں جبکہ 24 کارکنان کی ضمانتیں مسترد کر دیں۔
عدالت نے تھانہ کراچی کمپنی کے 48 ملزمان میں سے 43 کی ضمانتیں منظور کیں جبکہ 5 کی مسترد کیں۔ تھانہ ترنول کے 7 ملزمان میں سے 2 کی ضمانتیں منظور اور 5 کی مسترد ہوئیں جبکہ تھانہ آئی 9 کے 10 ملزمان میں سے 9 کی ضمانت منظور اور ایک کی ضمانت مسترد ہوئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں 28 ملزمان کی ضمانتیں منظور کیں جبکہ 5 کی درخواست ضمانت مسترد کی گئیں۔ تھانہ رمنا کے 8 ملزمان میں سے 3 کی ضمانتیں منظور اور 5 ملزمان کی درخواستیں مسترد کی گئیں۔
تھانہ سیکرٹریٹ کے تمام 25 ملزمان کی ضمانتیں منظور کر لی گئیں جبکہ تھانہ مارگلہ کے 45 ملزمان میں سے 42 کی ضمانتیں منظور اور 3 ملزمان کی ضمانتیں مسترد ہوئیں۔ تھانہ کوہسار کے مقدمے میں ایک ملزم کی ضمانت منظور کی گئی
انسداد دہشتگردی عدالت نے تمام ملزمان کی ضمانت 5، 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کیں۔