پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے عرب ممالک سے متعلق پروپیگنڈے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مذمت کی اورکہاکہ ان اکاؤنٹس سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں فیصل چوہدری کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کے مسائل پر مذاکرات کی حامی بھری ہے، حکومت کی مذاکراتی ٹیم کی سنجیدگی پر مذاکرات کی حامی بھری۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی بانی سے ملاقات نہ کرانا مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھاکہ بانی نے مسنگ پرسن کی تحقیقات کیلئے قاضی انور کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے، قاضی انور کی سربراہی میں کمیٹی اتوار تک اپنی رپورٹ مکمل کرے گی اور پارٹی کو بھی مسنگ پرسن معاملے پر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروپیگنڈا اکاؤنٹ سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے اہم ہدایات جاری کی ہیں، بانی نے بشریٰ بی بی، شہدا سے متعلق پروپیگنڈا والےسوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مذمت کی جبکہ عمران خان نے عرب ممالک سےمتعلق پروپیگنڈے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مذمت کی اور کہا ہے کہ ان اکاؤنٹس سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔