صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے سکھر حیدرآباد شاہراہ کی زبوں حالی پر وفاقی حکومت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے حادثات کا ذمہ دار وفاقی حکومت کو قرار دے دیا۔
سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سے سکھر کی سڑک پاکستان کی سب سے بُری شاہراہ ہے، یہ شاہراہ سندھ حکومت کے پاس نہیں، وفاقی حکومت کی نااہلی اور بدنیتی ہے جس کی وجہ سے آج تک سڑک نہیں بن پارہی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) کا سندھ سے رویہ متعصبانہ ہے، سندھ کی تمام ہائی ویز اور موٹر ویز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں مگر وفاق ان کی مرمت اور بحالی پر کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ یہ سڑکیں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا سبب بن رہی ہیں، مگر وفاق سڑکیں بحال کرنے کے بجائے ٹیکسز میں اضافہ کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس پورے پاکستان میں اچھی طرح کام کرتی ہے، سندھ میں ان کی نفری کیوں کم ہے؟ سندھ کی جو سڑکیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پاس ہیں ان کی بری حالت ہے، وفاق ٹیکس لے لیکن سہولت تو دے، وفاق نے برسوں سے سڑکیں بنائی نہیں لیکن روز نئی ٹول قائم کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ روڈ صرف سندھ کے نہیں پورے پاکستان کے لوگ استعمال کرتے ہیں، وفاقی حکومت پر لازم ہے کہ حیدرآباد تا سکھر موٹر وے کے لیے پیسے مختص کرے۔