غزہ پراسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری، مزید 50 فلسطینی شہید درجنوں زخمی
غزہ پر بدھ کی رات سے آج صبح تک وحشیانہ حملوں میں تقریبا پچاس فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے جمعرات کی صبح مرکزی غزہ کے النصیرات کیمپ پربمباری کردی ۔
غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق اس وحشیانہ بمباری میں کم سے کم چودہ فلسطینی شہید ہوئے ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوج کی تازہ بمباری میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں متعدد کی حالت نازک بتائی گئی ہے جس کے پیش نظر شہیدوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
غزہ کے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہید اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے جمعرات کی صبح النصیرات کیمپ پر ایسی حالت میں وحشیانہ بمباری کی ہے کہ جب بدھ کی رات دیر گئے تک النصیرات کیمپ پر اس کے حملوں کا سلسلہ جاری تھا۔
النصیرات کیمپ پربدھ اور جمعرات کی درمیانی رات صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباری میں دو رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئيں ۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح خان یونس میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں میں کھانا تقسیم کرنے کے ایک مرکز پر بھی حملہ کردیا۔ اس حملے میں 33 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔