اسرائیل کا لبنان پر فاسفورس بموں سے حملہ، جوابی حملے میں صہیونی فوجی مارا گیا
اسرائیل نے لبنان میں فاسفورس بموں سے حملہ کیا ہے جس میں کئی شہری شہید ہوگئے جب کہ جوابی حملے میں صہیونی فوجی بھی مارا گیا ہے۔
عرب میڈیا نے لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اسرائیل کے جنگی طیاروں نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے اور جنوبی لبنان لے شہر صور کو نشانہ بنایا اور قصبوں مجدال زون اور القلیہ پر فاسفورس بم برسائے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز کے اس تازہ حملے میں الشعیہ علاقے میں چار منزلہ عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں عمارت مکمل تباہ ہوگئی جب کہ متعدد شہری شہید ہوئے ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے جنوبی لبنان میں ڈرون حملہ کیا جس میں ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حیفا کے جنوب مشرق میں واقع اسرائیلی اڈے پر بھی ڈرون سے بمباری کی گئی ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رامات ڈیوڈ بیس پر حملہ آور ڈرون کے اسکواڈرن کے ساتھ ایک فضائی حملہ کیا۔یہ شمالی اسرائیل میں ایک بڑا فضائی اڈہ ہے جس میں فوجی جنگی دستے شامل ہیں۔
اس حوالے سے اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ بالائی الجلیل ، مغربی الجلیل اور وسطی الجلیل کے علاقوں میں لبنان سے اسرائیل کی طرف داغے جانے والے تقریباً 25 پروجیکٹائل کا پتہ چلا ہے۔ کچھ گولے روکے گئے اور کچھ علاقے میں گرے۔