اسرائیلی فوجی غزہ اور لبنان جنگ سے فرار اختیار کرنے لگے
اسرائیلی فوج کے ریزرو اہلکار غزہ اور لبنان کی جنگ سے فرار اختیار کرنے لگے۔اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کو فوجیوں کی تعداد میں کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔آئی ڈی ایف کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق طویل جنگ کے بعد اب غزہ اور لبنان میں جنگ لڑنے کے لیے حامی بھرنے والے ریزرو فوجیوں میں 15 سے 25 فیصد تک کمی آچکی ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فوجیوں کی تعداد میں کمی سے جنگ میں آئی ڈی ایف کے آپریشنل فیصلے متاثر ہورہے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیل میں حکومتی اتحاد قدامت پسند یہودیوں کو فوج میں لازمی سروس سے استثنیٰ دینے کے قانون کی منظوری کے لیے کوششیں کررہا ہے۔
خیال رہے کہ ایک سال قبل غزہ میں شروع ہونے والی اسرائیلی جنگ کے آغاز میں فوج میں شامل ہونے کے لیے حامی بھرنے والے ریزرو فوجیوں کی شرح 100 فیصد تھی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگ کے آغاز میں ریزرو فوجیوں کی درکار تعداد پوری ہونے کے باوجود مزید فوجی بھی جنگ میں شامل ہونے کا مطالبہ کررہے تھے اور کچھ ریزرو فوجی بیرون ملک سے صرف جنگ میں شرکت کے لیے اسرائیل واپس آئے تھے۔
تاہم اب ایک سال سے زائد عرصے سے جاری جنگ اور مستقبل قریب میں جنگ کے اختتام کا امکان نہ ہونے کے باعث ریزرو فوجی جنگ میں شامل ہونے سے کترانے لگے ہیں۔