ہم اپنی جان ہتھیلیوں پر لے کر نکلے ہيں، شہیدوں کا بدلہ ضرور لیں گے: سید حسن نصراللہ
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے صیہونی حکومت کی شکست اور استقامتی محاذ کی کامیابی پر تاکید کی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے تہران میں صیہونیوں کے ہاتھوں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور بیروت میں حزب اللہ کے کمانڈر فواد شکر کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروگرام میں فلسطینی اور لبنانی قوم کو تعزیت پیش کی۔
انہوں نےغزہ کی جنگ کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطین کی حمایت اپنے ایمان کی بنیاد پر کر رہے ہيں اور ہم اس راہ میں مسلسل شہیدوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں-
حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ صیہونی حکومت کو اس کی جارحیتوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور ہم اپنی جان ہتھیلیوں پر لے کر نکلے ہيں اس لئے صیہونی حکومت ہمیں شکست نہيں دے سکے گی-
انہوں نے کہا کہ غزہ میں دس مہینے کی جنگ سے بعض افراد یہ سمجھ ہی نہيں سکے ہيں کہ صیہونی حکومت کو کتنی شکست ہوئی ہے اور یہ جنگ اب غزہ سے باہر نکل چکی ہے-
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ صیہونیوں نے اسماعیل ہنیہ کو شہید کرکے حماقت کی ہے- ان کا کہنا تھا کہ کیا صیہونی حکام یہ نہيں سمجھتے کہ ایران کی جانب سے اس دہشت گردی کا جواب دیا جائے گا۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کا یہ بیان کیا صیہونیوں نے نہيں سنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کو تہران میں شہید کرنے کی صیہونیوں کو سخت سزا ملے گی؟
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ اور فواد شکر کو شہید کرکے صیہونی وقتی طور پر خوش ہو رہے ہيں لیکن انہیں طویل مدت تک ہاتھ ملنا اور پچھتانا پڑے گا۔