اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف پورے فلسطین میں مظاہرے
غرب اردن کے شہر رام اللہ میں فلسطینی عوام نے مظاہرہ کرکے، حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو دہشت گردانہ حملے میں شہید کرنے کے صیہونی حکومت کے اقدام کی مذمت کی ہے۔
ارنا نے المیادین کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ غرب اردن کے شہر رام اللہ میں فلسطینی عوام نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کی صیہونی حکومت کی دہشت گردی کے خلاف وسیع مظاہرہ کیا ہے۔
مظاہرین نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور استقامتی فلسطینی گروہوں سے اس دہشت گردی کا بدلہ لینے کا مطالبہ کیا ۔
اسی طرح کے مظاہرے غرب اردن کے چند دیگر شہروں ميں بھی ہوئے ہیں۔
جنوبی لبنان کے "برج الشمالی” کیمپ میں بھی عوام نے وسیع مظاہرہ کرکے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے پرمبنی صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت کی مذمت کی ہے ۔
جنوبی لبنان ميں ہونے والے اس مظاہرے کے شرکا نے غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے خلاف نعرے لگائے۔
یمن کے دارالحکومت میں بھی صنعا یونیورسٹی کے طلبا اور اساتذہ نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے پر مبنی غاصب صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔
اسی طرح کے مظاہرے بعض دیگر ملکوں میں بھی ہونے کی خبر ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے بدھ کی صبح ایک اعلامیہ میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور ان کے ایک محافظ کی تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملے کے نتیجے میں شہادت کی اطلاع دی ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کی اس بزدلانہ دہشت گردی کے بعد مختلف ملکوں کی حکومتوں، استقامتی محاذ، مزاحمتی فلسطینی گروہوں، پوری دنیا کی سول سوسائٹی، اور مختلف سیاسی اور مذہبی شخصیات نے بیانات جاری کرکے غاصب صیہونی حکومت کی مذمت کی ہے۔