اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد حماس کا نیا سربراہ کون ہوسکتا ہے؟
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے حملے میں شہادت کے بعد یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا جانشین کون ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کی شوریٰ کونسل ہر چار سال بعد حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ کے لیے الیکشن کرواتی ہے، 2021 میں کروائے گئے انتخابات میں اسماعیل ہنیہ حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ منتخب ہوئے تھے۔
حماس کی شوریٰ کونسل میں غزہ، مغربی کنارے، بیرون ملک مقیم اراکین اور اسرائیلی قید میں موجود اسیران شامل ہوتے ہیں، انتخابات کے ذریعے ہی ان چاروں ونگز کے سربراہان کا انتخاب بھی ہوتا ہے۔
اس وقت یحییٰ سنوار غزہ میں، زہیر جبارین مغربی کنارے میں، خالد مشعل بیرون ملک اور سلامہ کتاوی جیل میں حماس کے رہنما ہیں، حماس کا سیاسی دفتر ان تمام ونگز کی نگرانی کرتا ہے اور اسماعیل ہنیہ اس دفتر کے سربراہ تھے۔
موجودہ حالات میں اس بات کا امکان ہے کہ نئے انتخابات منعقد نہ کروائے جائیں کیونکہ شوریٰ کونسل کے غزہ میں موجود کئی افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ مغربی کنارے کے بہت سے اراکین گرفتار ہیں۔