غزہ: جنریٹر کے دھویں سے صیہونی فوجی ہلاک ہوگیا
غزہ کی ایک عمارت میں جنریٹر کے دھویں کے باعث ایک صیہونی فوجی ہلاک ہوگیا۔
صیہونی میڈیا کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے میں ایک عمارت کے کمرے میں جنریٹر کے دھویں کے باعث 19 سالہ صیہونی فوجی ہلاک ہوگیا جب کہ دیگر 2 کی حالت بگڑ گئی۔
واقعےکے بعد صیہونی ملٹری پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ رات گئے پیش آیا، 3 فوجی کمرے میں سو رہے تھے اور جنریٹر کے زہریلے دھویں سے ایک فوجی ہلاک اور دیگر 2 کی حالت خراب ہوگئی۔
غزہ میں ایک اور صیہونی فوجی کی ہلاکت کے بعد 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ میں جاری جنگ میں ہلاک صیہونی فوجیوں کی تعداد 687 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب صیہونی فوج نے غزہ میں حملے تیز کر دیے ہیں، کل سے اب تک صیہونی طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے 60 سے زیادہ حملوں میں 30 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
خان یونس میں چار روز کے دوران 129 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ صیہونی فوج نے خان یونس سے دو فوجیوں سمیت چار صیہونی یرغمالیوں کی لاشیں قبضے میں لینےکا دعویٰ کیا ہے۔