افغانستان میں سیلاب سے تباہی ، 200 سے زائد افراد جاں بحق1500 سے زائد مکانات تباہ
پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے افغانستان میں تباہ کن سیلاب میں ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرت نے بتایا کہ صوبہ بغلان میں جمعہ کو شدید بارشوں کے سبب آنے والے سیلاب سے کم از 200 افراد جاں بحق اور ہزاروں مکانات تباہ ہو گئے۔
آئی او ایم کی ایمرجنسی رسپانس نے افغانستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بغلان کے ضلع جدید میں 1500 سے زائد مکانات تباہ اور کم از کم 100 افراد کی موت ہوئی۔
ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا تھا کہ سیکڑوں شہریوں تباہ کن سیلاب سے جاں بحق ہو چکے ہیں،
جمعہ کو ہونے والی بارشوں نے شمال مشرقی صوبہ بدخشاں، وسطی صوبہ غور اور مغربی ہرات میں بھی بھاری نقصان پہنچایا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے شدید بارشوں اور اچانک سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے خاندانوں، زخمیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے