پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی جنگ میں مقبولیت کم ہوئی، شہباز شریف

0 155

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے قوم کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔

پی ڈی ایم میں جانے سے ہماری مقبولیت کم نہیں ہوئی، حکومت میں آکر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی خاطر جو ہم نے جہاد کیا، جنگ لڑی، اس سے یقینا ہماری مقبولیت میں کمی ہوئی۔

اگر میں یہ بات نہیں کہوں گا تو یہ حقائق سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہے، مگر آج آپ نے خود دیکھا ہے کہ جو تازہ ترین جتنے بھی سروے ہوئے ہیں، ان میں الحمدللہ ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں دوبارہ تیزی سے مقبولیت حاصل کررہی ہے۔

اگر ہمیں دوبارہ موقع ملا تو نواز شریف پاکستان کے برے دن بدلنے میں دن رات ایک کردیں گے، ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

نواز شریف کے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا اور نہ ہی کسی کو سیاسی بنیاد پر کبھی کوئی نقصان پہنچایا گیا، اس وقت پاکستان کو معاشی، معاشرتی اور خارجی چیلنجز کا سامنا ہے۔

قیام پاکستان کے خواب ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے۔ حالات کو درست سمت کی جانب موڑا جائے تو نقصان کا ازالہ ہوگا۔ہم نے ماضی میں بھی زراعت کے میدان میں انقلابی قدم اٹھائے، نوجوان نسل کو کلاشنکوف نہیں بلکہ ان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دیے گئے ۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اسکیموں کے تحت ملازمتوں کے مواقع دیے گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.