فلسطینیوں کی امید، پاکستان نے اسرائیل کو روکا تو ظلم رک سکتاہے،اسماعیل ہنیہ
حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نےکہا ہے فلسطینیوں کو پاکستان سے بڑی امیدیں ہیں، پاکستان ایک بہادر ملک ہے، اگر یہاں سے اسرائیل کو روکا گیا تو ظلم رک سکتا ہے۔
حرمت مسجد اقصیٰ کانفرنس سے ویڈیولنک پر خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل اچانک غزہ پر حملہ کرکے اسے ہمیشہ کے لیے ختم کر دینا چاہتا تھا، ہم نے اسرائیل کے حملے سے قبل اپنے دفاع میں اسرائیل پر حملہ کیا۔
اسرائیل غزہ اور بیت المقدس پر ہمیشہ کے لیے قبضہ کرلینا چاہتا تھا، دوسری طرف مسلمان ممالک سے اسرائیل کو تسلیم کرانےکا پلان چل رہا تھا، اوسلو معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہوا، ہمارے مزید علاقوں پر قبضے ہوئے ہیں۔
7 اکتوبر سے اب تک 20 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل نے ہمارے 16 ہزار کے قریب لوگوں کو گرفتار کر رکھا ہے، اسرائیل ہمارے بہت سے علاقوں پر قابض ہے۔
ہمارے مجاہدین ہر سطح پر اسرائیل کو ناکوں چنے چبوا رہے ہیں، فلسطینیوں کو پاکستان سے بڑی امیدیں ہیں، پاکستان ایک بہادر ملک ہے، اگر یہاں سے اسرائیل کو روکا گیا تو ظلم رک سکتا ہے، ہمیں پاکستان سے بہت امید ہےکہ یہ مجاہدین کا ملک ہے۔
اسرائیل کا ساتھ امریکا اور دیگر ممالک دے رہے ہیں، ہمیں امید ہےکہ اسرائیل پسپا ہوگا اور حق کی فتح ہوگی۔