غزہ میں صیہونی فوج کے 24 گھنٹوں میں 300 سے زائد حملے

0 94

غزہ کے علاقے جبالیہ، بیت لاحیہ، رفاح، خان یونس اور نصائرات کیمپ پر صیہونی فوج نے بمباری کی، شیخ رضوان کے علاقے میں گھر پر فضائی حملہ کر کے 10 فلسطینی شہید کر دیئے۔

غزہ میڈیا آفس کے مطابق7 اکتوبر سے اب تک صیہونی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار 500 سے تجاوز کرگئی ہے،غزہ کے شہدا میں 6 ہزار 150 بچے شامل ہیں، 36 ہزار فلسطینی زخمی ہیں جن میں 75 فیصد خواتین، بچےشامل ہیں۔

اس کے علاوہ اسرائیلی بمباری سے تباہ علاقوں میں7 ہزار فلسطینی لاپتہ ہیں، اسرائیلی حملوں سے طبی عملےکے207 اور شہری دفاع کے 26 جب کہ 65 صحافی بھی جان سے گئے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان مجید الانصاری نے بتایا کہ عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ کے وقت کے مطابق 4 بجے سہ پہر (پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے) تک حماس کے پاس موجود 13 اسرائیلی یرغمالیوں کے پہلے گروپ کو رہا کیا جائے گا۔

روزانہ کی بنیاد پر یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا اور 4 دنوں میں مجموعی طور پر 50 یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا،آج صبح تک تنازع کے فریقین اور مصری حکام سے مشاورت کا سلسلہ دوحہ میں جاری رہا اور یہ ملاقاتیں مثبت ماحول میں ہوئیں۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وہ اسرائیلی یرغمالیوں کو غزہ سے باہر لے جانے والے روٹ کے بارے میں سکیورٹی وجوہات کے باعث نہیں بتا سکتے، ہمارا مقصد یرغمالیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.