غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کا ڈیڑھ برس، بربریت کے دہشت ناک اعداد و شمار
غزہ میں اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ جارحیت کا 560واں دن گزرنے پر فلسطینی میڈیا آفس نے جانی اور مالی نقصانات کے اعداد وشمار جاری کر دیے ہیں۔
فلسطینی میڈیا آفس کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں سات اکتوبر سے اب تک غزہ میں مجموعی طور پر 12 ہزار مرتبہ اجتماعی قتل عام کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 51 ہزار 65 فلسطینی شہید کردیے گئے ہیں۔
شہداء میں 18 ہزار سے زائد فلسطینی بچے اور 12 ہزار 400 سے زائد خواتین شامل ہیں۔اس کے علاوہ ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کے 1 ہزار 402 ارکان، 113 شہری دفاع کے کارکنان، 211 صحافی اور 748 سیکیورٹی اہلکار اور 13ہزار طلبا کو صیہونی حکومت کی فورسز نے سفاکی اور بے رحمی سے شہید کیا۔
رپورٹ کے مطابق 529 شہیدوں کی لاشیں 7 اجتماعی قبروں سے برآمد کی گئی ہیں۔
اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 1 لاکھ 16 ہزار 505 فلسطینی زخمی ہوئے جن میں 409 زخمی صحافی اور میڈیا کارکنان ہیں۔غزہ کی جنگ کے دوران شہید اور زخمی ہونے والے 60 فیصد سے زائد افراد بچے اور خواتین ہیں۔ جبکہ اس دوران 24 لاکھ آبادی والے غزہ میں 20 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر یا نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔