ٹریوس ہیڈ کا شاندار کیچ پکڑنے کے باوجود شبمن گل کو وارننگ کیوں ملی؟
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جب بھارتی بلے باز شبھمن گل کو ایمپائر کی جانب سے وارننگ دی گئی، حالانکہ انہوں نے آسٹریلوی اوپنر ٹریوس ہیڈ کا ایک بہترین کیچ لیا تھا۔
یہ واقعہ آسٹریلیا کی اننگز کے نویں اوور کی دوسری گیند پر پیش آیا جب ہیڈ نے ورون چکرورتی کی گیند پر غلط شاٹ کھیلا اور گیند لمبے فاصلے پر گئی۔ گل نے کافی دوڑ لگانے کے بعد ایک شاندار کیچ پکڑا، لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب انہوں نے گیند کو فوراً زمین پر چھوڑ دیا۔ ایمپائر نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں وارننگ دے دی۔
ایم سی سی قانون کیا کہتا ہے؟
میلبورن کرکٹ کلب (MCC) کے قوانین کے مطابق کسی بھی کیچ کو مکمل تصور کرنے کے لیے فیلڈر کو گیند اور اپنی حرکت پر مکمل کنٹرول حاصل ہونا ضروری ہوتا ہے۔
قانون کے مطابق کیچ لینے کا عمل اس وقت سے شروع ہوتا ہے جب گیند پہلی بار فیلڈر کے جسم سے ٹکراتی ہے اور اس وقت مکمل ہوتا ہے جب فیلڈر کو نہ صرف گیند بلکہ اپنی حرکت پر بھی مکمل کنٹرول حاصل ہو جاتا ہے۔”
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ بھارت نے گروپ مرحلے میں بنگلہ دیش، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے تینوں میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 19 نومبر 2023 کے بعد پہلی بار کسی ون ڈے میچ میں آمنے سامنے آئی تھیں جب آسٹریلیا نے احمد آباد میں ہونے والے ورلڈ کپ فائنل میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔