غزہ میں شہیدوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ
چار مزید شہادتوں اور تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے کے نیچے سے مزید جنازے ملنے کے بعد غزہ میں صیہونی دہشتگردوں کے ہاتھوں ہونے والی نسل کشی میں فلسطینی شہدا کی تعداد اڑتالیس ہزار تین سو کے قریب جا پہنچی ہے۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں صیہونی دہشتگردی کے باعث شہید ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک طرف صیہونی بمباری اور گولہ باری کے باعث کچھ نازک حالات سے روبرو زخمی ہیں جو موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں تو دوسری طرف تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے ہیں جن کے نیچے اب بھی ہزاروں کے مدفون ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ کے حوالے سے اپنے تازہ ترین اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مزید چار فلسطینیوں کی شہادت اور تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے کے نیچے سے مزید جنازے ملنے کے بعد غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی عوام کی نسل کشی میں شہید ہونے والوں کی تعداد اڑتالیس ہزار تین سو کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ان دنوں غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے بعد سے امدادی اور انسانی سرگرمیاں جاری ہیں تاہم صیہونی حکومت بدستور معاہدے میں ذکر شدہ شقوں پر عمل کرنے سے گریزاں ہے۔
حماس کے پولیٹ بیورو کے سربراہ خلیل حیہ نے کہا کہ ان کی تنظیم معاہدے پر مکمل عمل درآمد میں سنجیدہ ہے تاہم صیہونی وزیر اعظم اپنے اقتدار کو بچانے کے مقصد سے جنگ بندی معاہدے کی شقوں پر عمل نہ کرتے ہوئے غزہ میں ہیوی ڈیوٹی مشینریز بھیجنے میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔