عاشورائے حسینی میں تقریباً 16 ملین زائرین کربلا میں داخل ہوئے

دیگر ملکوں سے بھی عاشورائے حسینی میں شرکت کرنے کے لئے لاکھوں لوگ آئے تھے ، باقر السعدی

0 83

بغداد(شوریٰ نیوز) عراقی پارلیمنٹ کے سروس کمیشن کے نائب سربراہ باقر السعدی نے کہا ہے کہ ہفتہ 29 جولائی کو عاشورائے حسینی کے دن تقریباً 16 ملین زائرین مقدس شہرکربلا میں داخل ہوئے۔نویں محرم اور روز عاشور نیز اربعین حضرت امام حسین علیہ السلام، مسلمانوں کی تین ایسی تاریخیں ہیں جن میں ہر سال اہل بیت اطہار (ع) کے چاہنے والے کروڑوں افراد کربلائے معلیٰ پہنچتے ہیں اور عزاداری کرتے ہیں ۔ کربلائے معلیٰ میں یکم محرم سے ہی زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہا اور عصر عاشور تک یہ تعداد بڑھ کر 16 ملین تک پہنچ گئی ۔ دیگر ملکوں سے بھی عاشورائے حسینی میں شرکت کرنے کے لئے لاکھوں لوگ آئے تھے جن میں سب سے زیادہ تعداد ایران، پاکستان اور ہندوستان سے آنے والے زائرین کی بتائی جاتی ہے۔کربلائے معلیٰ میں 16 ملین زائرین کی موجودگی میں بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے عزاداری کے مراسم کا انعقاد عراقی سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے کیونکہ تکفیری اور دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش نے عزاداروں پرحملے کی دھمکیاں دی تھیں۔عراقی فوج اور پولیس نے اعلان کیا تھا کہ کربلا میں نویں محرم اور عاشور کے دن عزاداروں کی حفاظت کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.