رہائی کے بعد غزہ لوٹنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ، ایک شہید
غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت رہا ہو کر شمالی غزہ میں گھروں کو لوٹنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہو گہا۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینیوں نے شمالی غزہ میں گھر واپسی کے انتظار میں رات سڑکوں پر گزاری، رہائی کے بعد شمالی غزہ پہنچنے والے فلسطینیون پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔
حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد میں تاخیر کا الزام عائد کیا ہے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس نے اسرائیلی یرغمالی خاتون کی رہائی میں تاخیر کی، خاتون کی رہائی میں تاخیر فلسطینوں کی واپسی میں رکاوٹ کی وجہ بنی۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ جنین میں اسرائیلی فوج کا آپریشن جاری ہے جس مین بچی سمیت 2 فلسطینی شہید ہو گئے۔
ادھر سوئٹزرلینڈ میں ہیلتھ ورکرز نے یواین آفسزکے باہر احتجاج کیا اور غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر2023 سے اب تک 47 ہزار 283 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
گزشتہ روز حماس نے جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں 4 اسرائیلی خواتین فوجیوں کو رہا کیا تھا جس کے بدلے میں اسرائیل نے 200 فلسطینیوں کو رہا کیا تھا۔