جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد بوکھلایا اسرائيل، صیہونی قیدیوں کے ٹھکانے پر کیا حملہ، حماس کا انتباہ

0 2

غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد بھی جارح صییہونی حکومت کی بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

خـبروں کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعد سے اب تک غزہ کی پٹی میں اب تک چھیاسی فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینیئر رکن باسم نعیم نے اس حوالے سے کہا ہے کہ جنگ بندی کے نفاذ سے قبل صہیونی غاصبوں کے جرائم کا جاری رہنا ان کی دہشت گردانہ ماہیت کو ظاہر کرتا ہے-

اس درمیان تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان نے جنگ بندی معاہدے کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے، اس مقام پر صیہونی فوج کی بمباری کا اعلان کیا ہے جہاں ایک اسرائیلی قیدی کو رکھا گیا تھا۔ یہ قیدی جنگ بندی معاہدے کی رو سے قیدیوں کے تبادلے کے پہلے مرحلے میں آزاد ہونے والوں میں شامل تھا- انہوں نے مزید کہا کہ اس مرحلے پر دشمن کی طرف سے کوئی بھی جارحیت اور بمباری ایک قیدی کی رہائی کو تباہی میں بدل سکتی ہے-

اس سے قبل غزہ کی شہری دفاعی تنظیم نے اطلاع دی تھی کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد بھی صیہونی حملے بدستور جاری ہیں- دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی مذاکراتی ٹیم نے حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے مسئلے میں مفاہمت حاصل ہوجانےکے تعلق سے بنیامین نتن یاہو کو باخبر کردیاہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے حکومت کی سیاسی اور سیکورٹی کابینہ کو حکم دیا ہے کہ وہ قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی معاہدے کا جائزہ لینے کے لیے آج جمعہ کو ایک اجلاس منعقد کرے۔

جنگ بندی کے معاہدے کو جہاں پوری دنیا میں استقامتی محاذ کی کامیابی کے طور پر دیکھا جارہا ہے وہیں خود صیہونی حلقوں نے بھی اسے اسرائیل کی شکست قرار دیا ہے- اسرائیلی کابینہ کے سخت گیر اور انتہا پسند وزیر بن گویر نے بھی کہا ہے کہ نتن یاہو اور اسرائیل نے حماس کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے ہیں-

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.