پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل کی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق مقامی سطح پر موبائل کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد کم ہو کر 2.31 ملین یونٹس رہ گئی ہے جبکہ ماہانہ بنیادوں پر مقامی موبائل مینو فیکچرنگ میں بھی 35 فیصد کمی ہوئی ہے۔
مقامی کمپنیوں نے اکتوبر میں 3.53 ملین یونٹس تیار کیے تھے جو 7 ماہ کے بعد سب سے زیادہ پیداوار تھی تاہم نومبر میں مقامی سطح پر تیار ہونے والے موبائل کی پیداوار میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
سال 2024 کے 11 ماہ کے دوران مقامی طور پر تیار کیے گئے موبائل فونز کی مجموعی فروخت 28.43 ملین یونٹس رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 57 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ان 11 مہینوں میں تیار کیے گئے 28.43 ملین یونٹس میں سے 60 فیصد یا 17.01 ملین یونٹس اسمارٹ فونز تھے جبکہ باقی 11.42 ملین یونٹس 2G فیچر والے فونز تھے۔