فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ملک میں شوگر ملوں کی چینی کی پیداوار، فروخت اوراسٹاک کی نگرانی کے لیے پنجاب اور سندھ کی 68 شوگر ملز میں افسران تعینات کردیا۔ایف بی آر نے مذکورہ شوگر ملز میں افسران اور اہلکاروں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی 43 اور سندھ کی 25 شوگر ملز کی مکمل نگرانی کی جائے گی، چینی کی پیداوار، فروخت، اسٹاک اور گنے کی کرشنگ کا مکمل ریکارڈ مرتب ہوگا اور چینی کی بوریوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی مہریقینی بنائی جائے گی۔
ایف بی آر نے کہا کہ شوگر ملز پر ان لینڈ ریونیو آڈٹ افسر، انسپکٹر اورمعاون عملہ تعینات کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کیمروں کے ذریعے مکمل نگرانی کی پہلے ہی ہدایت کر چکے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چینی کے اوپننگ اسٹاک، یومیہ پیداوار، گنے کی کرشنگ اور وزن کا ریکارڈ بھی مرتب ہوگا، شوگر ملز سے چینی کی نئی پیداوار کی لفٹنگ کا بھی پورا ڈیٹا تیار کیا جائے گا اورہر شوگر مل کی پیداواری اوراسٹوریج کی صلاحیت کا بھی ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔
ایف بی آر نے کہا کہ یومیہ بنیاد پرانونٹری اور سیلز ٹیکس کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق سیلزٹیکس ایکٹ 1999 کے تحت کرشنگ سیزن 25-2024 کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔