انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت کم ہوگئی
روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی کے باوجود جنگ نہ ہونے کی خبروں اور عالمی مارکیٹ میں فی بیرل خام تیل کی قیمت میں کمی کے رحجان کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر ایک بار پھر تنزلی سے دوچار ہوئی۔
بدھ کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 30 پیسے کم ہوئی جس کے بعد 1 ڈالر کی قیمت 178 روپے سے کم ہوکر 177 روپے 70 پیسے تک پہنچ گئی جبکہ انٹربینک میں ڈالر کی قدر 10پیسے کی کمی سے 175.67روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کم ہوئی تھی، انٹربینک بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 30 پیسے اضافے سے 175.77 روپے پر بند ہوئی جبکہ اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 20 پیسے کی کمی سے 178 روپے پر بند ہوئی تھی۔