ہفتہ وار مہنگائی 37.67 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو، 3.68 فیصد اضافہ

0 573

ہفتہ وار مہنگائی 37.67 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے، جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ ہفتہ وار مہنگائی میں 3.68 فیصد اضافہ ہوا، اور ہفتہ وار مہنگائی 37.67 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ایک ہفتے میں 30 اشیائے ضروریہ مہنگی، 7 اشیاء کے نرخوں میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے، جب کہ گزشتہ ہفتے 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹماٹر، دالوں، گھی، لہسن، چاول، بجلی، ایل پی جی مہنگی، اور چکن، انڈے، پیاز، کیلے اور گندم کا آٹا سستا ہوا۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق غریب طبقے کیلئے بجلی کی قیمت 88 پیسے فی یونٹ بڑھ گئی ہے، ایل پی جی سلینڈر 177 روپے مہنگا، 2700 روپے سے تجاوز کر گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ٹماٹر 11 روپے فی کلو مہنگے ہوئے اور ان کی اوسط قیمت 74 روپے رہی، دال مسور 13 روپے کلو مہنگی ہوکر 312 روپے فی کلو میں فروخت ہوئی، دال ماش کے نرخ 11 روپے بڑھنے کے بعد 335 روپے کلو میں ملتی رہی۔

رپورٹ کے مطابق دال چنا ساڑھے 5 روپے مہنگی ہوئی، اور اوسط نرخ 226 روپے سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا، دال مونگ بھی 4 روپے کلو تک مہنگی ہوکر 194 روپے میں فروخت ہوئی۔ ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ 25 روپے مہنگا ہوا اور اس کی اوسط قیمت 1426 روپے رہی۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ زندہ برائلر چکن 30 روپے کلو سستا ہوا اور اس اوسط قیمت 268 روپے پر ہوگئی، پیاز 9 روپے کلو سستا ہر کر 75 روپے فی کلو رہی، 20 کلو آٹے کا تھیلا 32 روپے سستا ہو کر 1218 روپے میں فروخت ہوا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.