عمران خان ملکی معیشت کے لیے میثاق معیشت پر دستخط کرنے کیلیے رضامند
راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ میثاق معیشت مہم کے تحت سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملکی معیشت کو بحران سے نکالنے کیلئے ملکی مفاد میں تیار کردہ میثاق معیشت پر دستخط کرنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں رولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے تیار کردہ میثاق معیشت پر دستخط کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کردی ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ میثاق معیشت مہم کے تحت سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ملکی معیشت کو بحران سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت پر متفق کرنے کیلئے مہم شروع کردی ہے اور اسی مہم کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا وفد دو سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقاتیں کرے گا اور سب کو ملکی معیشت کو بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے میثاق معیشت کے معاہدے کیلئے رضامند کرنے کی کوشش کرے گا۔ چیمبر آف کامرس کے سینئر رہنما سہیل الطاف کا عمران خان سے ملاقات کے بعد کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات بہت مفید رہی ہے اور انکا میثاق معیشت پر دستخط کی رضامندی ظاہر کرنا تاجر برداری کیلیے انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے تیار کردہ میثاق معیشت پر دستخط کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی جانب سے انڈسٹریل زونز کیس اور رنگ روڈ منصوبے بارے پیشرفت پر بھی اتفاق کیا ہے۔