پاکستان میں 2022ء کے دوران کس نے کتنی سرمایہ کاری کی؟

اسٹیٹ بینک نے اعداد و شمار جاری کردیئے

0 546

اسٹیٹ بینک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے آخری ماہ جون کے دوران مجموعی طور پر 27 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا غیر ملکی براہ راست سرمایہ پاکستان منتقل ہوا، جو جون 2021 کے مقابلے میں 92 فیصد زیادہ ہے، پچھلے سال جون میں غیرملکیوں کی جانب سے پاکستان میں 14 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

مجموعی سرمایہ کاری خاطر خواہ نہ بڑھ سکی

اسی طرح گزشتہ مالی سال یعنی جولائی 2021ء تا جون 2022ء کے دوران مجموعی طور پر غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 86 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا جو اس سے پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے، مالی سال 2021ء میں براہ راست سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 82 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھا۔

سرمایہ کاری میں چین اور امریکا کا تقابل

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران سب سے زیادہ چین کی سرمایہ کاری کا حجم سب سے زیادہ رہا، چین کی جانب سے 53 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی لیکن پچھلے مالی سال کے مقابلے میں چین کی سرمایہ کاری میں 29 فیصد کمی آئی ہے، پچھلے سال چین کی جانب سے 75 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا سرمایہ آیا تھا۔

اس کے مقابلے میں امریکا جو چین کے بعد پاکستان میں دوسرا بڑا سرمایہ کاری کرنے والا ملک ہے، امریکا کی سرمایہ کاری میں پچھلے سال کے دوران 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ امریکا سے مالی سال 2021ء کے 16 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں مالی سال 2022ء کے دوران 25 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ہے۔

سنگاپور سے سرمایہ کاری میں غیرمعمولی اضافہ

گزشتہ مالی سال کے دوران سنگاپور کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا۔ سنگاپور کی مالی سال 21ء میں براہ راست سرمایہ کاری 40 لاکھ ڈالر تھی جو بڑھ کر مالی سال 2022ء میں 11.5 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سوئٹرز لینڈ کی سرمایہ کاری میں بھی سالانہ 137 فیصد، ملائیشیا کی سرمایہ کاری میں 96 فیصد اور جرمنی کی سرمایہ کاری میں 67 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ہانگ کانگ کی سرمایہ کاری میں سالانہ 12 فیصد کمی آئی ہے۔

توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں کمی

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران توانائی شعبے میں پاکستان آنے والی براہ راست سرمایہ کاری میں 34 فیصد کمی آئی ہے، اسی طرح تجارت کے شعبے میں 37 فیصد، الیکٹریکل مشینری میں 68 فیصد اور آئل اینڈ گیس دریافت کے شعبے میں 15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کے مقابلے میں فائنانشل بزنس کے شعبے میں آنیوالی سرمایہ کاری میں 67 فیصد اور دیگر شعبوں میں 74 فیصد اضافہ ہوا ہے

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.