گیلپ بزنس کانفیڈینس انڈیکس 2023کی تیسری سہ ماہی کی رپورٹ کے مطابق 2023 کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں بہت کم کاروباری مالکان مستقبل کے حالات اور ملک کی سمت سے متعلق مایوسی کا شکار ہیں۔
موجودہ معاشی اور سیاسی بحران کی وجہ سے کاروباری عدم تحفظ برقرار ہے لیکن مستقبل کے بارے میں کاروباری ادارے زیادہ پُرامید ہیں۔
مہنگائی، یوٹیلٹی بلز اور سیاسی عدم استحکام کاروباری اداروں میں بڑھتی ہوئی تشویش کا باعث ہیں لیکن گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں کم کاروباری اداروں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
مستقبل کے کاروباری حالات کے متعلق توقعات کے حوالے سے سوال کے جواب میں حیرت انگیز طور پر 61فیصد کاروباری اداروں نے مثبت توقعات کا اظہار کیا ہے جبکہ 38فیصد نے حالات مزید خراب ہونے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
مستقبل کے کاروباری اعتماد کا نیٹ اسکور 42فیصد بہتری کے ساتھ 22فیصد مثبت رہا۔ ملک کی سمت کے بارے میں کاروباری اداروں کے تاثرات میں بھی گزشتہ 2 سہ ماہی کے مقابلے میں بہتری آئی ہے۔
26فیصد جواب دہندگان کے مطابق پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے۔ ملک کی سمت کے بارے میں اعتماد کا نیٹ اسکور گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 30فیصد بہتری کے ساتھ منفی 47فیصد ہوگیا ہے۔
2022سے جاری معاشی بحران عروج پر ہونے کی وجہ سے کاروباری اداروں کا مجموعی اعتماد کم ہے،اس سال کے آغاز سے ملک میں معاشی عدم تحفظ مزید بڑھ گیا ہے۔
اس سہ ماہی میں کاروباری صورتحال کے اسکور میں 25فیصد بہتری آئی ہے، 10میں سے 3کاروباری ادارے چاہتے ہیں کہ حکومت قیمتوں میں اضافے کا مسئلہ حل کرے۔