ایک ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں74.8 کروڑ ڈالر کی کمی
غیر ملکی قرض واپسی کی وجہ سے کمی ہوئی ،اسٹیٹ بینک
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 74 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے جاری اعداد وشمار کے مطابق 17جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر میں 74.8کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے اسٹیٹ بینک کے ذخائر 8 ارب 23 کروڑ 77 لاکھ ڈالر رہ گئے ۔
دوسری جانب دیگر کمرشل بینکوں کے ذخائر میں ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کمرشل بینکوں کے ذخائر5 ارب 97کروڑ27لاکھ ڈالر ہوگئے۔
مرکزی بینک کے ذخائر میں کمی اور کمرشل بینکوں کے ذخائر میں اضافے کے نتیجے مجموعی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب 21 کروڑ4 لاکھ ڈالر ہوگئے جو اس سے پچھلے 17 جون کو ختم ہونے ہفتے کے مقابلے میں 37 کروڑ26 لاکھ ڈالر کم ہے ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ہفتے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی بیرونی قرض واپسی کی وجہ سے ہوئی ہے تاہم مرکزی بینک کی جانب سے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ چین سے قرض وصولی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا ۔