نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ابوظبی سے قوم کے نام اہم پیغام میں بتایا ہےکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان اربوں ڈالر کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے دورے پر موجود نگران وزیراعظم نے قوم کے نام خصوصی پیغام میں بتایا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اربوں ڈالر کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، پاکستان ، متحدہ عرب امارات نئے دور میں داخل ہوئے ہیں۔
نگران وزیراعظم کے مطابق آج شیخ محمد بن زاید النہیان نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی ہے، بہت جلد پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔
متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، آج علاقائی استحکام، اسٹریٹجک تعاون کا بھی پاک امارات تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور نگران وفاقی وزرا بھی موجود تھے، سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب میں یو اے ای کے وزرا نے بھی شرکت کی۔
متحدہ عرب امارات پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرےگا،توانائی، پورٹ آپریشنز پروجیکٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبوں، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس اور شعبہ معدنیات میں سرمایہ کاری کی جائےگی۔
بینکنگ اینڈفنانشل سروسز کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کےایم اویوپر دستخط کیے گئے ہیں،یو اےای کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوگی، سرمایہ کاری سے ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف اقدامات پورے کرنے میں مدد ملےگی۔