وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں جو اچھا کام نہیں کرے گا اسے سزا ملے گی۔
اسلام آباد میں ایف بی آر پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کے سارے آپریشنز کو ڈیجیٹائز کرنا ہے مگر یہ منزل اب بھی دور ہے، ڈیجیٹائزیشن کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنی ہیں، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا بھی موثر استعمال نہیں کیا گيا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکس ٹربیونلز میں بھی جو کچھ ہورہا تھا وہ بہت پریشان کن تھا، ایف بی آر کی استعداد بڑھانی ہے، جو افسر اچھا کام نہيں کرے گا سزا پائے گا اور جو اچھا کام کرے گا اسے انعام ملے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر کو موجودہ مالی سال کے ابتدائی نو ماہ میں تقریباً 700 ارب روپے سے زائد کے شارٹ فال کا سامنا ہے، صرف مارچ کے مہینے کا شارٹ فال 100 ارب روپے کے قریب ہے۔
وزیراعظم نے آئی ٹی برآمدات میں 2 ارب ڈالرز سے زائد اضافے کا خیر مقدم کرتےہوئےکہا کہ آئی ٹی شعبے کو سہولیات کی بروقت فراہمی سے برآمدات میں 23 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہ آئی ٹی برآمدات تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہيں، یہ اضافہ حکومتی ٹیم کی انتھک محنت کی وجہ سے ممکن ہوا، بیرون ملک آئی ٹی شعبے میں پاکستانی ماہرین کی تعداد میں اضافے کے لیے کوشاں ہیں۔