وفاقی حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل پر بڑھائی جانے والی پیٹرولیم لیوی کے ذریعے ماہانہ 11 ارب 27 کروڑ روپے حاصل ہوں گے۔
وزارت توانائی کے اعلامیے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی کے اضافے سے ماہانہ11ارب 27 کروڑ روپے حاصل ہوں گے اور اڑھائی ماہ میں 30 جون تک اس مد میں 28 ارب 18کروڑ روپے حاصل ہوں گے۔
واضح رہےکہ رواں ماہ 15 دن کے لیے حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کو پیٹرولیم لیوی بڑھا کر ایڈجسٹ کردیا ہے۔
وفاقی حکومت نے 16 اپریل سے پیٹرول پر لیوی 8 روپے اور ڈیزل پر لیوی 7 روپے فی لیٹر بڑھائی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، اس کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے بلوچستان پرلگائیں گے۔
حکومت اضافی لیوی سے حاصل رقم بلوچستان میں سڑکو ں کی تعمیر سمیت کچھی کینال منصوبے پر خرچ کرے گی۔