پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تاجروں و صنعت کاروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریڈ باڈیز کی مدت کے حوالے سے پیدا کیے گئے ابہام دور ہونا چاہئیں اور اس حوالے سے پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرے گی۔
ایف پی سی سی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور اس موقع چیئرمین سینیٹ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ ٹریڈ باڈیز کو دو سال کی مدت پوری کرنے دینی چاہیے، 2024 میں ہونے والے الیکشن میں ٹریڈ باڈیز کو دو سال کا مینڈیٹ دیا گیا تھا، اب حکومت کی جانب سے ترمیم کرکے ٹریڈ باڈیز کی مدت کے حوالے سے پیدا کیے گئے ابہام پر بزنس کمیونٹی میں اضطراب پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان کا فورم تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں ہمیشہ کردار ادا کرتا رہا ہے، اس اہم مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہمیں پارلیمنٹ کی مدد درکار ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ٹریڈ باڈیز اور تمام چیمبرز ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ کے سیکشن 11 میں ترمیم کو پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں، حکومت قانون سازی میں مشاورت یقینی بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال کا عرصہ انتہائی مختصر ہے، منتخب عہدیداران کو ایجنڈے کی تکمیل کے لیے وقت چاہیے۔