پنجاب حکومت کے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کے دعوےدھرے رہ گئے۔
پنجاب حکومت مسلسل مہنگائی کا گراف گرنے کے دعوے کر رہی ہے تاہم حقائق اس کے برعکس ہیں کیونکہ مہنگائی ہے کہ بڑھتی ہی چلی جارہی ہے۔
پچھلے 2 سے 3 ماہ کےدوران صوبے بھر میں چینی، گھی، مصالحہ جات، چکن اور گوشت کی قیمتوں نے صارفین کی چیخیں نکلوا رکھی ہیں جب کہ چینی کا حال زیادہ بُرا ہے۔
ایک ڈیڑھ ماہ کے دوران چینی کی قیمت 125 سے بڑھ کر 165 روپےکلو تک جا پہنچی ہے، یہی حال گھی، مصالحہ جات اور باقی اشیاء کا بھی ہے،گھی او رمصالحہ جات 20 روپےکلو بڑھ گئے، گوشت، پھلو ں اور سبزیوں کا بھی یہی حال ہے۔
زمینی حقائق بتا رہے ہیں کہ عوام کو مہنگائی میں کوئی خاص ریلیف نہیں ملا جب کہ دوسری طرف انتظامیہ ہےکہ سب اچھا کا راگ ہی الاپ رہی ہے۔