دبئی میں پاکستان کی کاروباری کمپنیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا۔
دبئی چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری ہونے والے سال 2024 کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی کمپنیوں نے دبئی میں اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کیا ہے۔
دبئی چیمبر آف کامرس کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں 8 ہزار 179 نئی پاکستانی کمپنیوں نے دبئی چیمبر آف کامرس میں رجسٹریشن کرائی جس کے بعد پاکستان نئے بزنس ممبران کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آگیا۔
رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے بھارت کا پہلے نمبر رہا اور 16 ہزار 623 بھارتی شہریوں کی نئی کمپنیاں دبئی چیمبر آف کامرس کا حصہ بنیں۔
مصر نے دبئی میں اپنی کاروباری موجودگی کو بڑھاتے ہوئے 5 ہزار 302 نئی کمپنیوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
شام نے 2 ہزار 764 نئی کمپنیاں رجسٹر کروا کر چوتھا نمبر حاصل کیا جبکہ برطانیہ کی 2 ہزار 588 نئی کمپنیاں کھولی گئیں جس کے ساتھ برطانیہ کا نمبر پانچواں ہوگیا۔
عراق اور ترکی جیسے ممالک کی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
عراق کی جانب سے دبئی میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 37.8 فیصد اضافہ ہوا اور ایک ہزار 718 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں جبکہ ترکی سے ایک ہزار 314 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کروائی جو 25.5 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتی ہیں۔
اردن اور چین سے بھی کاروباری برادری نے دبئی کا رُخ کیا، دبئی چیمبر آف کامرس نے ایک ہزار 474 اردنی کمپنیوں اور ایک ہزار 473 چینی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا اعلان کیا جس سے یہ دونوں ممالک بھی ٹاپ 10 میں شامل رہے۔
دبئی میں رجسٹر ہونے والی نئی کمپنیوں میں سب سے زیادہ حصہ تجارت اور سروسز سیکٹر کا رہا جو کُل رجسٹریشن کا 41.1 فیصدہے جبکہ ریئل اسٹیٹ، کرائے اور بزنس سروسز کے شعبے میں 32.9 فیصد نئی رجسٹریشنز ہوئیں۔
نئی رجسٹریشنز میں تعمیرات کے شعبے کا حصہ 10.5 فیصد رہا جبکہ ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن میں 8.4 فیصد کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔