فیس لیس کسٹمز ایسسمنٹ سسٹم میں کرپشن کیخلاف آپریشن

0 4

کراچی:ایف بی آر کی جانب سے فیس لیس کسٹمز ایسسمنٹ سسٹم میں کرپشن کے مرتکب افسر، کسٹم ایجنٹس کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا ہے اور بے قاعدگیوں میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے.

حکام کے مطابق ملوث کسٹم اپریزنگ آفیسر کے خلاف کارروائی بھی شروع کردی گئی اور فیس لیس سسٹم میں اپریزنگ آفیسر سے رابطے میں رہنے والے 45 کسٹم ایجنٹس کے کسٹمز لائسنس کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے مجرموں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا ہے، مقدمے میں اپریزنگ آفیسر، ایجنٹس اور کچھ پرائیوٹ افراد بھی شامل ہیں۔ فیس لیس ایسسمنٹ سسٹم کو ناکام بنانے اور ملوث افراد کے خلاف تفتیش کار ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق تین افراد کو گرفتار کرنے کے بعد باقی ماندہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی ٹیم نے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں۔

حکام کے مطابق ایف بی آر نے متعلقہ کسٹم اپریزنگ آفیسر کو معطل کرکے اس کے خلاف ڈسپلن رولز کے تحت باقاعدہ انکوائری بھی شروع کردی ہے.

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے اس کامیاب آپریشن میں کئی چونکا دینے والے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ واضح رہے کہ کسٹم فیس لیس کے بعد کسٹمز اپریزر اور افسران، کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹوں اور امپورٹرز سے رابطہ مکمل طور پر ختم ہوگیا تھا.

لیکن فیس لیس کو ناکام بنانے کے لیے کسٹمز کے اپریرز نے جان بوجھ کر کنسائمنٹ کی کلیئرنس میں تاخیری حربے اختیار کرنے کے ساتھ واٹس اپ گروپ بھی بنادیے تھے اور اس واٹس اپ گروپ میں امپورٹر اور ایجنٹوں سے رابطہ کرکے معاملات کو طے کیا جانے لگا۔

ایف بی آر نے ان شکایات پر خفیہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے کسٹمز اپریزنگ آفیسر کے ڈرائیور اور دیگر فونز کی فرانزک کی۔ فرانزک میں واٹس اپ گروپ سامنے آنے کے بعد بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.