وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان تین روزہ سرکاری دورے پر کمبوڈیا پہنچ گئے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا کمبوڈیا پہنچنے پر کمبوڈیا میں پاکستان کے سفیر ظہیر الدین بابر تھہیم اور کمبوڈیا کی وزارت تجارت کے انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ تیتھ ریتھیپول نے پرتپاک استقبال کیا۔
وفاقی وزیر جام کمال خان کے اس دورے کا مقصد دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا، نئے اقتصادی مواقع تلاش کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے، توقع ہے کہ ان ملاقاتوں میں تجارتی سہولت، سرمایہ کاری کے امکانات اور مارکیٹ تک رسائی سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔
یہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، دورے کے دوران مزید بات چیت اور معاہدوں کی توقع ہے۔