اداروں کی فروخت، پاکستان میں سوویرن ویلتھ فنڈ کے قیام کافیصلہ
ابتدائی طور پر حکومت سات ریاستی اداروں کو فنڈ میں منتقل کرے گی،وزارت خزانہ
اسلام آباد(شوریٰ نیوز) اداروں کی فروخت، پاکستان میں سوویرن ویلتھ فنڈ کے قیام کافیصلہ، ابتدائی طور پر حکومت سات ریاستی اداروں کو فنڈ میں منتقل کرے گی، وفاقی حکومت نے سات ریاستی اداروں کو بیچنے کی تیاری کرلی، اس مقصد کیلیے پہلے پاکستان سوویرن ویلتھ فنڈ قائم کیا جائے گا، پھر ان اثاثوں کو فنڈ میں تبدیل کرکے ان کے حصص فروخت کیلیے پیش کردیے جائیں گے۔وزارت خزانہ کے مطابق اتحادی حکومت اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی پارلیمانی ایکٹ کے ذریعے پاکستان سوویرن ویلتھ فنڈ کی تشکیل کرے گی، اس حوالے سے اگلے ہفتے قومی اسمبلی میں بل بھی پیش کیا جاسکتا ہے، فنڈ کو تین اہم قوانین پرائیویٹائزیشن کمیشن آرڈینینس، پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس اور اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز ایکٹ سے استشنیٰ بھی دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر حکومت سات ریاستی اداروں کو فنڈ میں منتقل کرے گی، جن کی مالیت کا تخمینہ 2.3 ٹریلین روپے ہے، حکومت نے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، نیشنل بینک، پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ، گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ، ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو فروخت کرنے کیلیے منتخب کیا ہے۔