وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے جنوبی کوریا کے دورے کے موقع پر کوریا امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین بیونگ وان کم سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے تین روزہ دورے کے پہلے روز کوریا کسٹمز سروس کے کمشنر کو وانگ ہایو کے ساتھ کسٹم تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، دونوں فریقوں نے کسٹمز کے معاملات میں باہمی تعاون کے زیر التوا معاہدے کو حتمی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
جام کمال خان نے کوریا امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین بیونگ وان کم سے ملاقات میں تجارتی تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا، مہنگائی اور شرح سود میں کمی سمیت پاکستان کی معاشی بحالی پر روشنی ڈالی اور کورین مینوفیکچررز کو 26تا28 فروری 2025 کو لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی فوڈ اے جی نمائش میں مدعو کیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان میں کوریا کے تین سابق سفیروں کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی جنہوں نے اقتصادی شراکت داری معاہدے کے لئے مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔