اسلام کوتمام فرزندان کی ضرورت،تحفظ کیلئے تمام مسلمان آپس میں متحد ہوجائیں، آیت اللہ یعقوبی
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ اسلام کو تمام فرزندان کی ضرورت ہے اوروہ تمام فرزندان کا محتاج ہے اس لیے اسلام کے تحفظ کے لیے تمام مسلمان متحد ہو جائیں اسلام کا تحفظ صرف دینی عقائد یا عبادات تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس کا مطلب ہے کہ مسلمانوں کو اپنے دین، ثقافت، معاشرتی اصولوں اور عالمی سطح پر اسلام کی سچائی کا دفاع کرنے کے لیے ہر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ دورِ حاضر میں محض نااتفاقی کی وجہ سے مسلمان بہت زیادہ مسائل کا شکار ہوتے جارہے ہیں اسلام کی تعلیمات کا تحفظ، قرآن و سنت کی پیروی اور اس کے اصولوں کی درست تفہیم و ترویج بہت ضروری ہے۔
مسلمانوں کو اپنی روایات اور عقائد کی مضبوطی کیساتھ ساتھ دشمن کے عزائم کو نیست و نابود کرنے کیلئے ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔مسلمانوں کو ایک جسم کی مانند تشبیہ اسی لیے دی جاتی ہے کہ جسم کے اعضا جب تک متحد ہوں گے، تب تک وہ مضبوط رہیں گے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو اپنے دین کی سچائی اور رواداری کو عالمی سطح پر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ دشمنی، جھوٹ اور بدگمانیوں کے خلاف دفاع کرنا، اور اسلام کی اصل روح کو دنیا کے سامنے لانا، اس اتحاد کی ضرورت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔
مسلمانوں کو اپنے مشترکہ مسائل جیسے فلسطین،لبنان، شام اور دیگر عالمی مسائل پر متحد ہو کر آواز اٹھانی ہوگی تاکہ ان مسائل کا حل نکل سکے دشمن ہمیں آپس میں توڑ کر اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتا ہے اس لیے ان مسائل کا حل تعاون اور یکجہتی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ اتحاد کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اپنے چھوٹے موٹے فروعی مسائل کو یکسر نظرانداز کر دیں، بلکہ ہمیں اپنی ان فروعی مسائل کے باوجود اصولوں کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ تمام مسلمانوں کو آپس میں بھائی چارہ، محبت اور ایک دوسرے کی مدد کے جذبہ کے تحت جینا چاہیے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو نہ صرف عقیدہ اور عبادات سے متعلق ہے بلکہ معاشرت، معیشت، اخلاقیات، سیاست اور دیگر تمام شعبوں میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اسلام تمام مسلمانوں کو ایک دوسرے کا بھائی اور مددگار سمجھتا ہے اور ان سے توقع کرتا ہے کہ وہ اس دین کی ترویج اور اپنے معاشرے میں انصاف، محبت اور امن کے قیام کے لیے کام کریں۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ اس وقت ہم سب کو مل کر اسلام کی عزت و آبرو اور سربلندی کیلئے کام کرنا ہوگا دنیا ظہور امام زمانہ علیہ السلام کی طرف جا رہی ہے ہمیں خودکو آمادہ کرنا ہوگا، اتحاد واتفاق کے ذریعے ہمیں ظہورامام زمانہ علیہ السلام کیلئے زمین ہموار کرنا اشد ضروری ہے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ ظہور امامؑ کے لیے خود کو تیار کرتے ہوئے امام کے قربِ ظہور کو بہت زیادہ سنجیدگی سے لیا جائے۔ تمام عالم اسلام کو امام مہدی کے ظہور کے لیے خود کو روحانی، اخلاقی، اور عملی طور پر تیار کرنا چاہیے تاکہ وہ ان کے آنے کے بعد ان کی رہنمائی کو قبول کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔