عید مباہلہ اسلام کی حقانیت کیلئے عظیم الشان اور روشن دلیل ہے، شیخ یعقوبی
ہم نے دین ایسے گھرانے سے لیا جن کی سچائی کا کلمہ غیروں نے بھی پڑھا
نجف اشرف(شوریٰ نیوز)عید مباہلہ اسلام کی حقانیت کیلئے عظیم الشان اور روشن دلیل ہےنجران کے نصاریٰ نے24 ذی الحجہ کو رسول اکرمﷺ اور اہلبیت النبوہ ؑکی سچائی کو تسلیم کرتے ہوئے مباہلہ کرنے سے انکار کردیا ان خیالات کا اظہار مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نےعیدمباہلہ کے موقع پرمختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ یہ دن اہلبیت علیہم السلام کی کامرانی کے طور پر منایا جائے اس دن رسول اللہ ﷺ اور خانوادہ تطہیرکی سچائی اور حقانیت پر قیامت تک کیلئے مہر ثبت کر دی گئی انہوں نے کہا کہ جب فَقُلْ تَعَالَوْاْ نَدْعُ أَبْنَاءنَا وَأَبْنَاءکُمْ وَنِسَاءنَا وَنِسَاءکُمْ وَأَنفُسَنَا وأَنفُسَکُم کی آیت نازل ہوئی تو رسول اللہ ﷺ اپنے ہی گھرانے سے مولا علیؑ، سیدہ فاطمہ ؑ، امام حسن ؑ اور امام حسین ؑ کو لے کر مباہلہ کے لیے میدان میں اُترے اور دنیا پر واضح کر دیا کہ یہی میرے اہلبیت ؑ ہیں اور نجران کے نصاریٰ کو بھی پانچ تن پاک کی سچائی اور طہارت کا کلمہ بھرتے ہوئےکہنا پڑا کہ ہم اہلبیتؑ سے ہرگز مباہلہ نہیں کرینگے کیونکہ ہم ایسے چہرے دیکھ رہے ہیں کہ پہاڑوں کو اشارہ کریں تو پہاڑ اپنی جگہ چھوڑ دیں۔آیت اللہ یعقوبی کا کہنا تھا کہ ہم نے دین ایسے گھرانے سے لیا جن کی سچائی کا کلمہ غیروں نے بھی پڑھا جن کی عظمت و جلالت کا رعب اتنا تھا کہ نجران کے نصرانیوں کی ایک نہ چل سکی اورانہیں اہلبیت علیہم السلام کی صداقت و عظمت کو تسلیم کرنا پڑااس لیے قیامت تک کیلئےیہ طے ہوگیا کہ اہلبیت ؑ کے ماننے والوں کو ہمیشہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔