اسلام انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے مکمل ضابطہ اخلاق ہے، شیخ یعقوبی

وقت تبدیلی کی طرف گامزن ہے اور عالم اسلام دشمن کی مذموم سازشوں کو بھانپ چکا ہے

0 748

نجف اشرف(شوریٰ نیوز) مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے نجف اشرف میں اپنے دفتر میں مختلف وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام نے انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے ایک مکمل ضابطہ اخلاق وحیات ترتیب دے رکھا ہے جس میں رائی بھر بھی شائبہ نہیں کیا جاسکتا کہ دین نے کسی بھی شخص کو کسی دوسرے کے حقوق غضب کرنے کی اجازت دی ہو اگر کوئی شخص دین کا جواز بناکر کسی کا حق غصب کرے تو سمجھ لیں کہ وہ دین اور دنیا دونوں کے ساتھ دھوکہ کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خداوندقدوس تو وہ عظیم ذات ہے جس نے غربت کے اندر بھی یہ کمال رکھاہے کہ غریبی کی حالت میں حُسن اخلاق اور نیک اعمال کی ترغیب خود بخود بڑھنے لگتی ہے ۔ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) کا کہناتھا کہ ہمیں اپنی اندر حُسن ِ اخلاق پیدا کرنا چاہیے اور تمام کام اللہ کی خوشنودی اور انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے سرانجام دینے چاہئیں ہمیں ایک دوسرے کا بازو بن کر رہنا چاہیے تاکہ ہم حقیقی انسانیت کے معانی سے آشنا ہوںاور ہمارے اندر شعور بیدار ہو۔انہوں نے کہا کہ موتی چاہے جتنا قیمتی کیوں نہ ہو گلے کا ہار نہیں بن سکتا جب تک اُسے کسی لڑی میں پرو نہ دیا جائے اس طرح ہمارا تمام تر حُسن اتحاد و اتفاق میں ہے جب تک ہم ایک دوسرے کا بازو بنتے رہتے ہیں تو موتیوں کے ہار کی طرح حُسن میں نکھار پیدا ہوتا رہتا ہے جیسے ہی ایک دوسرے سے الگ ہوتے ہیں تو اپنا سارا حُسن گہنا بیٹھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ استعمار کی ہمیشہ سے خواہش رہی ہے کہ مسلمان آپس میں متحدنہ ہوں اور اس لیے وہ ہمارے درمیان اختلافات کو پروان چڑھا کر ہمیں ایک دوسرے کی جانوں کا دشمن بناتا دیتا ہے لیکن اب وقت تبدیلی کی طرف گامزن ہے اور عالم اسلام بھی استعمار کی مذموم سازشوں کو بھانپ چکا ہے ۔آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے امید کا اظہار کرتے کہا کہ اب دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی اور مسلمانو ں کا اتحاد امت مسلمہ کو سرفرازی و کامرانی کا باعث بنے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.