خاتونؑ جنت کی سیرت تمام عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہے،آیت اللہ یعقوبی

0 31

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے آغاز ایام فاطمیہ کے موقع پر کہا کہ خواتین کو سیرت سیدہ فاطمۃ الزہراؑ پر عمل پیرا ہوکر دین کی خدمت کیلئےاقدامات اُٹھانے چاہیں خاتون جنت کی سیرت طیبہ نہ صرف خواتین بلکہ تمام عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہے ۔چونکہ یہ ایام جگر گوشہ رسولﷺ سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا کی شہادت سے منسوب ہیں تو ہمیں ان ایام کو بھرپور سوگ کی کیفیت میں رہنا چاہیے جیسا کہ ہم محرم الحرام کے ایام کو مناتے ہیں ۔

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ ان ایام میں تمام مومنین کو چاہیے کہ وہ پوری دنیا میں مجالس عزا کا اہتمام کریں اور ہر جگہ پر سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کے مناقب ، فضائل و مصائب بیان کریں تاکہ پوری دنیا کو جناب سیدہ فاطمۃ الزہراؑ کے مقام و مرتبہ کا پتہ چل سکے۔مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ دخترؑ رسول خدا نے معاشرہ میں خواتین کو جس قدرومنزلت سے نوازا گیا ہے وہ سیدہ کونین سلام اللہ علیھا کے وجود کی ہی برکت ہے۔

آپ ؑ کے بابا تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر آئے ،آپ کے شوہر جنت و جہنم کے تقسیم کرنیوالے جب کہ بیٹے تمام جوانان جنت کے سردار جبکہ آپؑ خود تمام جہانوں کی خواتین کی سردار ہیں اس لیے یہ کہنا ہر گز غلط نہ ہوگا کہ سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کی عظمت و منزلت کا احاطہ کرنا انسان کے بس کی بات نہیں۔مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا نے اپنے بابا کی جدائی کے بعد بے شمار رنج و الم برداشت کیے لیکن امامت و ولایت پر آنچ نہ آنے دی۔

آپؑ نے اجتماعی و انفرادی دونوں لحاظ سے ولایت کا دفاع کیا اور عملی نمونہ پیش کیا ہے ،جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا نے ساتھ یہ درس بھی دیا ہےکہ دین اور ولایت کے تحفظ کے لیے مرد اور خواتین دونوں کو اپنا کردار ادا کرنا پڑتا ہے بلکہ اگر مردوں کیلئے اسلام کی حفاظت میں مشکلات پیش آجائیں تو خواتین کو میدان میں جان کی بازی لگا کر دین کا تحفظ کرنا چاہیے۔

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی سیرت اسلامی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔ آپ سلام اللہ علیھا کی شخصیت مختلف پہلوؤں سے نمایاں ہےآپ سلام اللہ علیھا کو اسلام کی پہلی خواتین میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، اور آپ کا مقام نہایت بلند ہے۔ قرآن میں آپؑ کا ذکر اور آپؑ کی طہارت کی گواہی دے کر آپؑ کی روحانی عظمت کو ظاہر کیا گیا ہے۔

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا کہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیھا نے ایک مثالی ماں اور بیوی کے طور پر زندگی گزاری۔ آپؑ کے زیرِ سایہ دو معصومین امام حسن اور امام حسین علیہما السلام پروان چڑھے۔ آپ علم و حکمت کی علامت تھیں۔ آپ نے علم کو دوسروں تک پہنچایا اور معاشرہ کی تربیت کیلئے اہم رول ادا کیا ۔

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا کہ آپؑ نے غرباء، یتیموں اور ضرورت مندوں کی ہمیشہ مدد کی، اور ہمیشہ سادگی اور قناعت کو اپنایا۔آپؑ کی زندگی کا ہر پہلو ہمیں درس دیتا ہے کہ کیسے ایک مسلمان عورت اپنی روحانی، سماجی، اور خاندانی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے اعلیٰ اخلاقیات کا نمونہ بن سکتی ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی سیرت کا مطالعہ کرنا ہمیں اسلامی اقدار کی گہرائیوں کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔

آخر میں مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو اپنانا اس دور میں ان کے ماننے والوں کے لئے سب سے زیادہ ضروری اور اہمیت کا باعث ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.