اربعین، ملت اسلامیہ کے اتحاد کیلئے بہت بڑی نعمت ہے، آیت اللہ یعقوبی
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ اربعین حسینی ملت اسلامیہ کے اتحاد کیلئے ایک بہت بڑی نعمت ہے جہاں پوری دنیا سے مسلمان عراق میں زیارت امام حسین کیلئے آتے ہیں جبکہ نجف اشرف سے کربلا تک مشی کا نظام ہی الگ ہے جہاں آنیوالے مہمانوں کی بلاتفریق رنگ و نسل اور بلاتفریق مسلک و مذہب خدمت کی جاتی ہے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ ہمیں چہلم سیدالشہدا علیہ السلام پر امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی یاد منانے کے ساتھ ساتھ امام حسین علیہ السلام کے ملت اسلامیہ کیلئے دیئے گئے پیغامات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی عملی زندگی کو سیرت محمد و آلِ محمد کے تحت گزارنے کا اعادہ کرنا چاہیے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی قربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ حق و صداقت کے لیے ہر قسم کی قربانی دی جا سکتی ہے۔ یہ قربانی محض مادی نہیں بلکہ روحانی اور اخلاقی بھی ہونی چاہیے کیونکہ امام حسین علیہ السلام نے ظلم کے خلاف قیام کیا اور ڈٹ کر کھڑے رہے ان کی جدوجہد ہمیں سبق دیتی ہے کہ ہمیں ہر صورت انصاف اور حق کی حمایت کرنی چاہیے، چاہے اس کے لیے ہمیں کتنی ہی بڑی قیمت کیوں نہ چکانی پڑ جائے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام کی زندگی ایثار و فداکاری کی علامت ہے۔ اس سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہم اپنے معاشرتی اور انسانی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے خود کو پیش کریں۔ امام حسین علیہ السلام کا عزم اور استقلال ہمیں سکھاتا ہے کہ اسلام کے دیئے گئے اصولوں پر ہمیشہ ثابت قدم رہیں خواہ حالات کیسے بھی ہوں۔چہلم سید الشہدا علیہ السلام ہر سال ہمیں ایک نیا جذبہ فراہم کرتا ہے جس سے ہم اپنی زندگیوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ایک مضبوط اور باوقار امت بن سکتے ہیں۔