امام علیؑ کی تحریرکے بغیر پل صراط سے کوئی نہیں گزریگا، آیت اللہ یعقوبی

0 356

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہا ہے کہ امام علی علیہ السلام کی تجلی اور عظمت خداوندِ قدوس کے 99 ناموں میں سے اسم علی میں نظر آتی ہے۔جب روز محشر آن پہنچے گا اور پل صراط نصب کردی جائے گی تو اس کے اوپر سے کوئی بھی نہیں گزر سکے گا سوائے اس شخص کے جس کے ہاتھوں میں ایسا پروانہ ہو گا جس پر ولایت ِ علی ابن ابی طالب علیہ السلام ثبت ہو اور یہی وہ چیز ہے جس کے بار ے میں خدا نے فرمایا ہے : ” وقفوھم انّھم مسئولون“ ۔

آیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے مزید کہا کہ قابل فہم بات یہ ہے کہ ولایت علی بن ابی طالب علیہ السلام محض خوش اعتقادی تک محدود نہیں بلکہ رسول اکرم ﷺ کے بعد اخلاقی، عملی، اعتقادی اور اجتماعی معاملات سمیت ہر حوالے سے مولائے کائنات امیر المومنین علیہ السلام کی امامت ، ولایت و خلافت کو تسلیم کرتے ہوئے اُن کی رہبری میں زندگی گزارنا از حد ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ باتیں جو کہ نہج البلاغہ میں امیرالمومنین علیہ السلام کے فصیح و بلیغ خطبوں میں موجود ہیں اُن پر عمل کرنا ہر مسلمان اور مومن کیلئے ضروری ہے تاکہ وہ صراط مستقیم پانے والوں میں ہو جائیں۔ مولائے کائناتؑ کی ولایت اُن کے ماننے والوں کیلئے ایک عظیم نعمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ولایت امیرالمومنینؑ کوئی عام سی بات نہیں کہ جسے نظر انداز کر کے دینِ اسلام کی ترویج کی جائے بلکہ ولایت کا اقرار لینے کیلئے غدیر خم پر تمام حجاج کرام کو اکٹھا کرکے پالانوں کا منبر سجایا گیا اور رسول خدا ﷺ نے طویل اور فصیح و بلیغ خطبہ دیا آپ ﷺ کے گواہی مانگنے پر لوگوں نے گواہی دی کہ آپﷺ کا ان پر خود ان سے زیادہ حق ہے ۔ اس پر آپ نے علی بن ابی طالب علیہ السلام کا ہاتھ بلند کرکے دکھایا اور پھر کہا "من كنت مولاه فهذا علىٌّ مولاه أللهمّ وال من وّالاه وعاد من عاداه وانصرمن نّصره وخذل من خذله وأدرالحقّ حيث ما دار”۔میں جس کا مولا ہوں یہ علی بھی اس کے مولا ہیں ۔ خداوندا! جو علی ع سے دوستی رکھے اس سے دوستی رکھ اور جو ان سے دشمنی رکھے تو بھی اس سے دشمنی رکھ ۔ جو ان کی مدد کرے تو بھی اس کی مدد کر اور جو ان کا ساتھ چھوڑ دے تو بھی اس کا ساتھ چھوڑ دے ۔ جس طرف علی ع کا رخ ہو اسی طرف حق کا رخ پھیردے ۔

انہوں نے کہا کہ حجتہ الوداع کے موقع پر رسول اکرمﷺ کا اپنے اصحاب کو حکم دینا کہ علی بن ابی طالب علیہ السلام کو امیرالمومنین ہوجانے کی مبارک باد دو اور اُسی موقع پر "الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الإِسْلاَمَ دِيناً ” ترجمہ آج میں نے تمھارے لیے تمھارے دین کو مکمل کردیا اور اپنی نعمت تم پر تمام کردی اور تمھارے لیے اسلام کو دین کی حیثیت سے پسند کرلیا ۔(سورہ مائدہ ۔آیت 3)آیت کا نزول اس بات کا ثبوت ہے دین اسلام کی تکمیل ولایت علی بن ابی طالب علیہ السلام میں مضمر ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.