صیہونی مظالم کیخلاف مسلمانوں کا اتحادوقت کی اہم ضرورت ہے،آیت اللہ شیخ محمد الیعقوبی

0 118

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے امت مسلمہ کا اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کے خاتمہ کیلئے مسلم امہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ جس طرح فوجی طاقت کے بل بوتے پر صیہونیوں نے متعدد فلسطینی علاقوں پر ناجائز قبضہ کر رکھا اور ان علاقو ں میں سکونت پذیر فلسطینیوں کو بے دخل کر کے ہجرت کرنے پر مجبور کیااس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی ۔

آیت اللہ یعقوبی نے کہا ہے کہ صیہونیوں نے فلسطینیوں کو ان کی آبائی سرزمین سےجس انداز میں بے دخل کیاآج اُس سے بھی سخت انداز میںوہ غزہ میں نسل کشی کرکے باقی کے علاقوں پر قبضہ کرنا چاہتا ہے انہوںنے کہا کہ آخر کب تک صیہونی حکومت فوجی طاقت کے ذریعہ نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھاتی رہے گی اور امت مسلمہ خاموش تماشائی بن کر دیکھتی رہے گی ۔

آیت اللہ یعقوبی کا کہنا تھا کہ آج بھی لاکھوں فلسطینی ہمسایہ مسلم ممالک میں کیمپوں میں زندگی بسر کر نے پر مجبور ہیں ۔ کئی دہائیوں سے فلسطینی اپنی آزادی کے حصول کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد میں بچوں، بوڑھوں اور عورتوں سمیت ہزارو ں نوجوان شہید ہو چکےہیں ۔

آیت اللہ شیخ محمد الیعقوبی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو مظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پرمظلوم بچوں اور خواتین پر ہونیوالی ظلم و بربریت کا خاتمہ یقینی بنانا چاہیےتاکہ نہتے فلسطینی اپنی سرزمین پر پُرامن زندگی بسر کرسکیں۔

آیت اللہ یعقوبی کا کہنا تھا کہ تمام دنیا کے مسلمان ایک جسم کی طرح ہیں اگر جسم کے کسی حصہ کو تھوڑی سی تکلیف پہنچتی ہے تو پورا جسم بے چین ہو جاتا ہے لیکن اس کے باوجود امت مسلمہ کے ازلی دشمن مسلمانوں کے قتل عام میں مشغول ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلمانوں کے تمام اختلاف ختم ہو جائیں اور وہ اسلام کے جھنڈے تلے جمع ہو جائیں تو امت مسلمہ اپنی سیاسی اقتصادی اور سماجی تقدیر کے فیصلوں میں آزاد ہو جائے گی۔ اس کی عملی رہنمائی کے لیے مراکز صیہونی نہیں رہیں گے بلکہ وہ اسلام کے بنیادی اصولوں کی روشنی میں خود ترقی کی منازل طے کرتے جائیں گے۔

آیت اللہ یعقوبی نے کہا ہے کہ آج دنیا میں مسلمان اتنے زیادہ ہیں کہ اگر وہ آپس میں متحد ہو کر ایک ایمانی جذبہ کیساتھ دشمن کے سامنے کھڑے ہوجائیں تو صیہونی یا اسلام دشمن طاقتیں خود بخود اپنا اثرورسوخ کھو بیٹھیں گی۔غزہ میں ہونیوالی ظلم و بربریت نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلمانوں کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔

آیت اللہ یعقوبی نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ آج ہم مسلمان اپنے تمام علاقائی ملکی اور بین الاقوامی اختلافات کو بھول جائیں اور اتحاد کی اس مثال کو دوبارہ قائم کریں جو اسلامی تاریخ میں مہاجرین و انصار نے قائم کیا۔ اسلامی امہ ایک سمندر ہے ۔ صیہونی ریاست کی تخلیق ظلم عظیم تھا اور اس کی تعمیر اور حمایت ایک بڑی بے انصافی ہے ۔ مشرق وسطی کی اب تک خون ریزی کی اصلاً ذمہ داری ان دونوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک کی بے وجہ حمایت نے نہتے فلسطینیوں کے قتل عام پر صیہونیوں کو مزید بربریت پر اُکسایا اسی لیے وہ تما م مظالم کی حدیں پار کرتا جا رہا ہے ۔صیہونی حکومت فلسطینی مسلمانوںکو نیست ونابود کرنا چاہتی ہے ۔

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.